ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ودھان سبھا حلقہ میں ہوگا نئی ووٹنگ مشین استعمال کرنے کا تجرباتی مظاہرہ

بھٹکل ودھان سبھا حلقہ میں ہوگا نئی ووٹنگ مشین استعمال کرنے کا تجرباتی مظاہرہ

Tue, 07 Feb 2023 19:15:14    S.O. News Service

بھٹکل،7 / فروری (ایس او نیوز) بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ بتایا ہے کہ مجوزہ 2023  کے اسمبلی انتخابات کے دوران بھٹکل اسمبلی حلقہ میں استعمال کی جانے والی نئے ماڈل کی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا تجرباتی مظاہرہ تمام پولنگ اسٹیشنوں میں  کیا جائے گا ۔
    
اے سی نے بتایا کہ نئے ماڈل کی 24 مشینیں بھٹکل پہنچ گئی ہیں اور پولیس کی حفاظتی نگرانی میں اسے رکھا گیا ہے ۔ ان مشینوں  کے استعمال اور ان کی کارکردگی سے متعلق ووٹروں کو آگاہ کرنے کے لئے تمام پولنگ اسٹیشنوں میں انتظام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی مشینوں کی خصوصیات اور کارکردگی  پرانے ماڈل کی مشینوں سے زیادہ بہتر ہے اور ووٹروں کو ان مشینوں پر پولنگ کی تربیت دینے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں.  اس کے لئے بھٹکل تعلقہ میں 13 اور ہوناور تعلقہ میں 12. ژونل افسران کو نامزد کیا گیا ہے ۔ آج  صبح بھٹکل کے منی ودھان سودھا میں بھی ووٹنگ مشین کا تجرباتی استعمال کرنے کے لئے الگ سے انتظام کیا گیا  تھا جہاں پر ووٹروں نے  اپنا ووٹ ڈال کر خود ہی اس کا تجربہ  کیا۔ 
    
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ اس سے قبل جو ای وی ایم مشینیں استعمال کی جا چکی ہیں انہیں اب اس الیکشن میں کسی قیمت پر بھی استعمال نہیں کیا جائے گا ۔ ان کی جگہ پر اب نئے ماڈل کی مشینیں ہی استعمال ہونگی جو آئندہ انتخابات کے لئے مختص کرکے رکھی گئی ہیں اور وہ مشینیں  آنے والے دنوں میں  یہاں پہنچ جائیں گی ۔ 

 


Share: